بھٹکل 12 جون (ایس او نیوز) تعلقہ کے مرڈیشور گُمّن ہکّل روڈ کنارے بائک کے ساتھ ایک نوجوان کی نعش پائی گئی جس کو لے کر قتل کا شبہ ظاہر کرنے پر پولس نے معاملہ درج کرنے کے بعد اس بات کی جانچ کررہی ہے کہ آیا اس کی موت سڑک حادثے میں ہوئی ہے یا اس کا قتل ہوا ہے۔ حادثہ اتوار صبح کو سامنے آیا۔
ذرائع نے بتایا کہ گُمن ہکّل کے رہائشی دنیش ایرپّا نائک ایک ہوٹل میں ملازمت کرتا تھا، سنیچر او راتوار کی درمیانی رات قریب ایک بجے ہوٹل کی دیوٹی انجام دینے کے بعد گھر جانے کے لئے بائک پر نکلا تھا، مگر آج صبح اس کی نعش اُسی راستے کنارے پائی گئی جو اُس کے گھر کی طرف جاتا ہے، وہ بائک سمیت سڑک پر گرا ہوا تھا۔ بعض لوگوں نے بتایا کہ گھر جانے کے دوران دنیش بائک سے پھسل کر روڈ پر گرا ہوگا اور بہت زیادہ خون بہنے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوگئی ہوگی۔ دیر رات کو سڑک پر سے لوگوں کا گذر نہیں ہوتا، صبح قریب سات بجے کسی نے اس کو خون میں لت پت حالت میں روڈ کنارے دیکھ کر پولس کو خبر کی۔ پولس نے فوری اسے مرڈیشور سرکاری اسپتال پہنچایا مگر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ اس موقع پر بعض لوگوں نے شبہ ظاہر کیا کہ یہ قتل کا معاملہ بھی ہوسکتا ہے۔
مرڈیشور سرکاری اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد نعش گھر والوں کے حوالے کی گئی ہے۔ اس تعلق سے مہلوک کے بھائی شریدھر نائک نے مرڈیشور پولس تھانہ میں معاملہ درج کرتے ہوئے جانچ کی درخواست کی ہے ۔ پولس نے حادثے کا معاملہ درج کرلیا ہے، مگر گہرائی سے چھان بین کی جارہی ہے۔